ترسیلات زر : بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں آئی ایم ایف پروگرام سے زائد رقم بھیج دی
دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج سے زائد رقم بھیج دی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سےجاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کےدوران ترسیلات زر 39 فیصد اضافے کےبعد 8 ارب 80 کروڑ ڈالر رہیں، جس کا حجم گزشتہ برس کی اسی مدت کےدوران 6 ارب 30 کروڑ ڈالر رہا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر میں سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر 29 فیصد بڑھ کر 2 ارب 80 کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں۔ ستمبر میں سب سے زیادہ 68 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، اس کےعلاوہ متحدہ عرب امارات سے 56 کروڑ ڈالر،برطانیہ سے 42 کروڑ 36 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بھیجےگئے۔
واضح رہےکہ 25 ستمبر 2024 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کےلیے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دےدی تھی، جس کےبعد 27 ستمبر کو پہلی قسط کی مد میں ایک ارب 2 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی پاکستان کو موصول ہوگئے تھے۔
پاکستان کو مالی سال 2025 میں قرضوں پرسود کی ادائیگی کےلیے 25 ارب ڈالر درکار ہیں۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق اگر ترسیلات زر میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتارہا تو پاکستان ملکی ترقی کو تیز کرنے کےلیے اپنی درآمدات میں اضافہ کرسکتا ہے۔
مجوزہ آئینی ترامیم : حکومت کی بیرون ملک موجود ارکان پارلیمنٹ کو 15 اکتوبر تک واپس آنے کی ہدایت