روس اور چین نے ایران پرامریکی حملے کی مذمت کردی

روس اور چین نے ایرانی جوہری تنصیبات پرامریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی قرارددوں کی خلاف ورزی قرار دیدیا۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایک خودمختار ریاست پر میزائل اور بم حملے کرناغیر ذمے دارانہ فیصلہ ہے۔یہ بین الاقوامی قانون، یو این چارٹر اور یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، ہم جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔حالات کو سیاسی اور سفارتی راستے پر واپس لانے کی کوششیں بڑھائی جائیں۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی ایران پر امریکی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پرامریکی حملہ اقوام متحدہ کےچارٹرکی خلاف ورزی ہے، ایران کی عالمی جوہری ایجنسی کے زیرنگرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ قابل مذمت ہے۔ایران پر امریکی حملے سے مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات مزید بدتر ہوجائیں گے، چین فریقین خصوصاً اسرائیل سے حملے فوری روکنے اور مذاکرات اور بات چیت کی طرف آنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

Back to top button