سلمان خان کے باپ بننے کی خواہش ادھوری کیوں رہ گئی؟

آج کل بھارتی اخبارات اور سوشل میڈیا میں سلمان خان کی اس خواہش کی بہت چرچا ہو رہی ہے کہ وہ باپ بننا چاہتے ہیں لیکن قانون آڑے آ جاتا ہے۔۔ اس کہانی کی شروعات دراصل سلمان بھائی کے ایک ٹی وی شو میں دیئے گئے انٹرویو سے ہوئی جس میں انھوں نے اپنے باپ بننے کی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا اور چونکہ وہ سب کے ”بھائی جان“ ہیں اور لاتعداد معاشقوں کے باوجود کسی کی ”جان” نہیں بن پائے تو ان کی باپ بننے کی اس خواہش پر ہر کسی کا حیران ہونا تو بنتا ہے؟
بظاہر سلمان کی یہ خواہش کوئی انہونی بات نہیں، وہ بچوں سے بے انتہا پیار کرتے ہیں۔ آپ نے انھیں سوشل میڈیا پر وائرل کسی ویڈیو یا تصویر میں یقیناً ارباز، سہیل، ارپیتا اور الویرا کے بچوں میں گھِرا ہوا دیکھا ہو گا، سلمان کی بہنوں ارپیتا اور الویرا کے بچے تو اپنے اس ایکٹر ماموں کے دیوانے ہیں مگر لوگوں کا کہنا ہے کہ بھائی اگر آپ کو بچوں کی ایسی ہی چاہت ہے کہ آپ خود پر قابو نہیں رکھ پائے اور بِنا شادی بچے کا باپ بننے کی خواہش کر بیٹھے تو وہ جو لاکھوں حسینائیں آپ پر مرتی تھیں اور ایک ایک کر کے رخصت ہو رہی ہیں، آپ ان میں سے کسی کا ایک کا ہی دل رکھ لیتے اور کر لیتے شادی۔۔۔بلکہ سلمان کے لئے تو وقت اب بھی ٹھہرا ہوا ہے اور آج بھی پوری دنیا میں ان کے فینز صرف اس ایک سوال کا جواب جاننا چاہتے ہیں کہ سلمان خان شادی کب کر رہے ہیں؟ خیر سلمان کی یہ خواہش ادھوری اس لئے رہ گئی کہ بھارتی قانون آڑے آ گیا۔ دراصل سلمان خان بھی شاہ رخ خان کے چھوٹے بیٹے ابراہم اور کرن جوہر کے بچوں کی طرح ”سروگیسی“ کے ذریعے بچے کے خواہشمند تھے لیکن ایک بھارتی قانون کے ذریعے اب اس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ شادی کر کے بچے پیدا کرنے کے لئے انھیں کسی کو بیوی بنانا پڑے گا اور انھیں گھر میں بہو نہیں صرف اپنے بچے چاہیئں۔ وہ یہ بھی مانتے ہیں کہ بچوں کو باپ کے ساتھ ساتھ ماں کی ضرورت بھی ہوتی ہے مگر بقول سلمان خان، ان کے گھر میں پہلے ہی بہت مائیں ہیں بلکہ پورا ضلع، پورا گاؤں ہے تو بچوں کا خیال رکھنے کے لئے ماؤں کی کمی نہیں۔۔بس دیکھنا یہ ہے کہ قانون میں دوبارہ کب ”سروگیسی“ کی گنجائش پیدا ہوتی ہے۔
بالی ووڈ کے اس ففٹی پلس سپر سٹار کے لئے آج بھی لاکھوں دل دھڑکتے ہیں، حال ہی میں ان کی فلم ” کسی کا بھائی کسی کی جان“ ریلیز ہوئی ہے جبکہ دیوالی پر سلمان کی فلم ”ٹائیگر تھری“ پردہء سکرین کی زینت بننے جا رہی ہے جس میں ان کے ساتھ کترینہ کیف ہوں گی۔۔شاید اسی لئے سلمان خان کے فینز کو اس فلم کا بھی بے چینی سے انتظار ہے!!