سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سےحملے ناکام، 3دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے اتوار کی رات نوشکی کے علاقے نوکنڈی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے حملے کو ناکام بناتے ہوئے تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق ایف سی ساؤتھ کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ایک گروہ نے نوکنڈی ٹاؤن میں واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر دھماکہ کیا، جس کے فوراً بعد کم از کم چھ مسلح دہشت گرد کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے۔
انہوں نے بتایا کہ ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے قلعے میں داخل ہونے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق قلعے کے اندر سے شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، تاہم ایف سی ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق قلعے کے اندر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
ادھر بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد چھ ہے۔
پنجگور میں چیک پوسٹ پر حملہ
اسی دوران ضلع پنجگور کے علاقے گرمکان میں بھی دہشت گردوں نے شام کے وقت ایف سی کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو رات گئے تک جاری رہا۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران متعدد حملہ آور مارے گئے۔
