بلوچستان : سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے 2 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع کچھی میں فتنۃ الہندوستان کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق سکیورٹی فورسز 6 جون کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنےوالے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانےکو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کےمطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم رہے، جب کہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق علاقے میں پائے جانےوالے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کےلیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کےلیے پر عزم ہیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلیے قوم کے غیرمتزلزل عزم کی تصدیق کرتی ہیں۔
واضح رہےکہ 3 جون کو سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں 2 آپریشنز کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔