بیرسٹر گوہر سمیت متعدد ارکان نےپارلیمانی کمیٹیوں سےمستعفی

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی چار قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا۔
بیرسٹرگوہر نے اپنا استعفیٰ سپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرایا، جس میں قانون و انصاف، انسانی حقوق، آئی ٹی اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹیوں کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان شامل ہے۔
بیرسٹر گوہر نے پارٹی کے دیگر 18 ارکان کے استعفے بھی سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کیے۔ ان میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر خان سمیت صاحبزادہ سیف اللہ، محبوب شاہ، گوہر علی خان، شہزادہ گستاسپ، علی جدون، مجاہد علی، ملک انور تاج اور فضل محمد خان شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ساجد خان، ارباب عامر ایوب، آصف خان، وقاص اکرم شیخ، ارشد ساہی، عامر ڈوگر، شبیر علی قریشی اور اویس جھکر نے بھی اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے بھی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر کمیٹیوں سے استعفیٰ چیئرمین بیرسٹر گوہر کو ارسال کیا۔
مزید برآں شہریار آفریدی نے دو کمیٹیوں، جبکہ مبین عارف جٹ نے کامرس، خزانہ اور انڈسٹریز کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا۔ اسامہ بھی ان اراکین میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی رکنیت چھوڑ دی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے اراکین بانی قائد کی ہدایت پر پارلیمنٹ کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
