دہشت گردوں کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، شہبازشریف
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نےکہاہے کہ دہشت گردوں کے ملک سےمکمل خاتمے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ ضلع قلات کےعلاقے شاہِ مردان میں دہشتگردوں کے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ ملکی بقاء کی خاطر افواج پاکستان کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کی لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
شہبازشریف نےدہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور 4 کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پزیرائی کی۔ انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 7 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیرِاعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔
واضح رہے کہ بلوچستان کےضلع قلات کےشاہ مردان چیک پوسٹ پرنامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہیداور 15 زخمی ہوگئے۔نامعلوم مسلح افراد نےقلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پرحملہ کیا جس کےنتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوئے تھے۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہےکہ زخمیوں اور شہدا کی لاشوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔
واضح رہےکہ 9 نومبرکو بلوچستان کےدارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجےمیں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سےزائد زخمی ہوئےتھے۔
کالعدم بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل اے)نے صحافیوں کوای میل کیے گئےایک بیان میں دھماکےکی ذمہ داری قبول کی تھی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے’اے ایف پی‘ نے کالعدم بی ایل اے کے اس دعوے کو بھی رپورٹ کیا کہ خودکش حملےمیں پاکستانی فوج کے ایک دستے کو نشانہ بنایا گیا ہےجو انفینٹری اسکول سےکورس مکمل کرنے کے بعد واپسی کی تیاری کررہا تھا۔