کراچی پولیس آفس میں آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، پنجاب سے 8 گرفتار

کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن میں 3 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار سمیت دو افراد شہید ہوگئے۔ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے عمارت کو کلیئر کرالیا۔ کلیئرنس آپریشن میں پاک فوج ایس ایس جی کی دو ٹیموں اور رینجرز کے اسپیشل آپریشنز ونگ نے بھی حصہ لیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کے دفتر پر 8 سے 10 دہشت گرد شام سات بجے کے قریب داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، واقعے کے بعد علاقے کو سیل کر کے شاہراہ فیصل کو عام ٹریفک کیلیے بند کیا گیا جبکہ دفتر کی بجلی بھی منقطع کی گئی۔
دہشت گردوں کے کے پی آفس میں داخل ہونے کے بعد شدید فائرنگ کے ساتھ ساتھ متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی، پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ کے بعد اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی جبکہ دیگر تھانوں سے نفری بھی طلب کی گئی۔
علاوہ ازیں پولیس کمانڈوز، رینجز اور پاک فوج کے دستے بھی کلیئرنس آپریشن کیلیے پہنچے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق دہشتگرد عقبی راستے سے عمارت میں داخل ہوئے تھے۔
دریں اثنا پنجاب کے مختلف اضلاع میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرگرینڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 8 افراد گرفتار کرلیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور، سرگودھا اور ملتان سمیت دیگر اضلاع میں دہشت گردوں کےٹھکانوں پرگرینڈ آپریشن کیا گیا جس میں کالعدم تنظیموں کے 8 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہےکہ آپریشن کے دوران خودکش جیکٹیں، بارودی مواد، اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلی گئیں، دہشت گردوں کے خلاف 7 مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔