نواز شریف کا PMLN کی قیادت مریم نواز کے حوالے کرنے کا فیصلہ؟
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے اپنی سیاسی میراث بھائی شہباز شریف کی بجائے مریم نواز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی انتخابی مہم کے تمام جلسوں میں نواز شریف کے ساتھ مریم نواز کی موجودگی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے کیونکہ نواز شریف اپنے ہاتھوں سے مریم نواز کی سیاسی تربیت کر کے پارٹی قیادت ان کے حوالے کرنے کے خواہشمند ہیں۔
خیال رہے کہ عام انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن کی مہم بھر پور طریقے سے شروع ہو چکی ہے۔ اس ضمن میں تیسرے جلسے کا انعقاد پیر کو مانسہرہ میں کیا گیا۔ نئی روایت کے مطابق اس جلسے میں بھی مریم نواز نے ترتیب کے برعکس پارٹی قائد نواز شریف کے بعد خطاب کیا۔ اس نئی روایت کا سلسلہ حافظ آباد جلسے سے شروع ہوا تھا۔جس وقت خیبر پختونخوا کے شہر مانسہرہ میں مسلم لیگ ن کا جلسہ جاری تھا، عین اسی وقت سابق وزیراعظم شہباز شریف لاہور کے حلقہ 123 میں اپنے حلقے میں انتخابی مہم پر نکلے ہوئے تھے، اور انہوں نے چھوٹی چھوٹی کارنر میٹنگز سے خطاب کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نواز شریف نے ان انتخابات سے قبل ہی پارٹی لائنز اور پارٹی پالیسی واضح کر دی ہے۔ اب اس میں کسی قسم کا ابہام نہیں رہا کہ نواز شریف پارٹی کی باگ دوڑ مریم نواز کے ہاتھوں میں دینا چاہ رہے ہیں۔
اگر گذشتہ دو انتخابات پر نظر دوڑائیں تو سنہ 2013 کے انتخابات میں الیکشن مہم میں نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک بھر میں جلسے کیے تھے۔ اس وقت مریم نواز نے ابھی سیاست میں قدم نہیں رکھا تھا تو پنجاب کی ن لیگ کی سیاست حمزہ شہباز کے ہاتھ میں تھی۔ البتہ سنہ 2018 کے انتخابات میں صورت حال یکسر بدل گئی۔ نواز شریف اور مریم نواز جیل میں تھے تو انتخابی مہم شہباز شریف کے ہاتھ میں تھی۔تاہم 2024 کے عام انتخابات میں اب شریف خاندان کی سیاسی سمت بھی واضح ہو چکی ہے جس میں پارٹی کی ڈرائیونگ اور فرنٹ سیٹ پر نواز شریف اور مریم نواز براجمان ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگار مجیب الرحمٰن شامی سمجھتے ہیں کہ مریم نواز کی نواز شریف کے بعد تقاریر کرنے کی صرف ایک ہی توجیہ ہو سکتی ہے کہ وہ اپنی سیاسی وراثت ان کو منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ مجیب الرحمٰن شامی کے خیال میں نواز شریف چاہتے ہیں کہ مریم نواز جلد اپنی سیاسی جڑیں مضبوط کر لیں۔ جہاں تک شہباز شریف کا مانسہرہ کے جلسے یا مرکزی مہم میں نہ ہونا، کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہے کیونکہ آج اگر شہباز شریف اپنے حلقے میں مہم چلا رہے تھے تو مانسہرہ میں نواز شریف بھی اپنے ہی حلقے میں تھے۔ مجھے لگ رہا ہے کہ ذمہ داریاں تقسیم ہیں، الیکشن میں وقت کم ہے تو یہ معاملہ بھی حکمت عملی معلوم ہوتا ہے۔‘ ’موجودہ سیاسی حالات میں اندرونی اختلافات کو اخذ کرنا درست نہیں، میرے خیال میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ صلاح مشورے اور حکمت عملی سے ہو رہا ہے۔‘
خیال رہے کہ ماضی میں سیاسی مبصرین مسلم لیگ ن کی اندرونی سیاست پر ان خیالات کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ نواز شریف کی سیاست کے حامی رہنماؤں اور شہباز شریف کی سیاست کے حامیوں میں واضع تفریق رہی ہے۔
دوسری جانب سینیئر صحافی سہیل وڑائچ کے مطابق ’موجودہ انتخابی مہم میں یہ بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ نواز شریف گروپ ہی راستے کا تعین کرے گا۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ مریم نواز ہی ان کی جائز سیاسی وراثت کی حق دار ہیں۔ جب نواز شریف پر کڑا وقت آیا تو مریم نواز نے اپنا لوہا منوایا اور بالکل ایسی ہی پذیرائی کارکنوں میں حاصل کی جو نواز شریف کے حصے میں تھی۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’یہ قدرتی امر ہے۔ اور اس پر پارٹی کے اندر کسی کو اعتراض بھی نہیں ہے۔ مجھے لگ رہا ہے کہ جیسے نواز شریف اپنی تقریر کے بعد مریم سے تقریر کروا رہے ہیں ہو سکتا کے کہ وہ پنجاب میں ن
لیگ کی وزارت اعلیٰ کی امیدوار بھی ہوں۔‘