سپریم کورٹ محمد زبیر کے انٹرویو کا ازخود نوٹس لے: رؤف حسن

ترجمان تحریک اںصاف رؤف حسن نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ختم کرنے کےلیے سازش ہوئی، سپریم کورٹ محمد زبیر کے بیان پر کمیشن آف انکوائری تشکیل دے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی سیکریٹری اطلاعات تحریک اںصاف رؤف حسن نے کہا کہ ن لیگ کے سابق رہنما محمد زبیر نے عمران خان کے مؤقف کی تائید کی۔ سپریم کورٹ محمد زبیر کے انٹرویو کا ازخود نوٹس لے۔
تحریک انصاف کی موجودہ قیادت عمران خان کی رہائی نہیں چاہتی، فواد چوہدری
مرکزی ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گرا کر مجرموں کو مسلط کیا گیا، کوئی مہذب ملک ہوتا تو محمد زبیرکے اعتراف پر انکوائری کمیشن بنتا، رؤف حسن کا کہنا تھا کہ محمد زبیر نے کہا مریم نواز، نواز شریف، شہباز شریف بھی سازش میں شامل تھے۔
یاد رہے کہ ایک حالیہ انٹرویو میں مسلم لیگ نواز کے سابق رہنما و سابق گورنر محمد زبیر نے دعویٰ کیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت ختم کرنے سے پہلے جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواز شریف سے لندن میں ملاقاتیں کیں۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ 8 مارچ کو قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی اور اس سے تقریباً دو ماہ پہلے جنوری میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بات چیت شروع ہوگئی تھی۔