سپریم جوڈیشل کونسل :  چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے خلاف شکایات خارج

سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے دیگر دو ارکان نثار احمد اور شاہ محمد کے خلاف دائر تین الگ الگ شکایات کو خارج کردیا۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے اعلامیے کے مطابق 8 نومبر اور 13 دسمبر 2024 کو منعقدہ اجلاسوں میں چیف الیکشن کمشنر اور دیگر دو اراکین کے خلاف شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، تاہم انہیں خارج کردیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اراکین الیکشن کمیشن نثار احمد اور شاہ محمد کے خلاف شکایات کا بھی بغور جائزہ لیا گیا تاہم تینوں شکایات کو خارج کردیا گیا۔

واضح رہے کہ 8 نومبر 2024 کو سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کےخلاف دائر 10 شکایات کو ثبوت نہ ہونے کی بنا پر ختم کردیا تھا جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کے اس خط پر بھی غور کیاگیا تھا جس میں ایگزیکٹیو کی عدلیہ کے امور میں مداخلت کا ذکر تھا۔

اعلامیے کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوا جس میں جسٹس منصور علی شاہ،جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم کاکڑ نے شرکت کی۔

بیان کےمطابق اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئٹمز پر بحث کی گئی،جس میں کونسل کے رولز اور سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق معاملات بھی شامل تھے۔اسی طرح 13 دسمبر کو اجلاس میں ججز کوڈ آف کنڈکٹ اور انکوائری پروسیجر میں ترامیم پر غور کیا گیا اور اس مقصد کےلیے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔

اجلاس کے دوران آرٹیکل 209 کے تحت ججز کےخلاف موصول 35 شکایات کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 30 نمٹا دی گئیں جبکہ 5 پر مزید وضاحت طلب کی گئی۔

Back to top button