انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز عوامی حمایت سے کامیاب ہوتے ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کو دہشت گردی کے نام پر معصوم شہریوں کی جان لینے میں کوئی دلچسپی نہیں، آپریشنز کی کامیابی صرف تب ممکن ہے جب عوام خود دہشت گردوں کی نشاندہی کریں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کے ساتھ خصوصی نشست میں ان کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان اور صوبے کے باہمی تعلق کو بخوبی سمجھتے ہیں، اور یہ تاثر غلط ہے کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان سے دور ہو رہے ہیں۔
انہوں نے میجر محمد انور کاکڑ شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت افسر اور اس دھرتی کا عظیم سپوت تھا۔ انہوں نے گوادر حملے میں کئی دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، اور وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن اسی وقت مؤثر ہوتا ہے جب مقامی آبادی دہشت گردوں کے خلاف کھڑی ہو۔ انہوں نے کہا کہ فوج صرف تب کارروائی کرتی ہے جب مصدقہ انٹیلیجنس ہو، اور اس لیے ایسے آپریشنز کو "انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز” کہا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک فرد کی دہشت گردی کی سزا پورے علاقے یا گاؤں کو نہیں دی جا سکتی، تاہم اگر کوئی شہری جان بوجھ کر دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے یا بارودی مواد چھپاتا ہے تو اسے قانون کے مطابق جواب دہ ہونا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام خود دہشت گردوں سے تنگ آ چکے ہیں اور اب وہ خود نشاندہی کر رہے ہیں کہ کہاں دہشت گرد اور ان کے سہولت کار موجود ہیں۔
فیصلوں میں تاخیر اکثر انصاف کو ختم کر دیتی ہے، جسٹس منصور علی شاہ
انہوں نے نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں کامیاب ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بہت سے نوجوان اور بچیاں اہم انتظامی عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی کے طالبعلم ڈاکٹر صمد یار جنگ اور شاہ زیب رند جیسے افراد کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اپنی تقدیر خود سنوار رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے جو کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا، اور اسلام تمام لسانی و نسلی امتیازات سے بالاتر ہو کر مساوات کا درس دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 30 فیصد سے زائد پختون بھی آباد ہیں، جب کہ بلوچ آبادی کا بڑا حصہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں بھی رہائش پذیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مطلب لا إله إلا الله ہے، اور یہ نظریہ قوم کے اندر رچ بس چکا ہے۔
