آسٹریلیا کے سابق کپتان و کوچ بوب سمپسن انتقال کر گئے

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ بوب سمپسن 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بوب سمپسن نے 1957 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا، جو تقریباً دو دہائیوں پر محیط رہا۔ اس دوران وہ آسٹریلیا کی جانب سے 62 ٹیسٹ میچز میں میدان میں اترے اور اپنی کارکردگی سے نمایاں مقام حاصل کیا۔
بوب سمپسن نے اپنے کیریئر میں 4,869 رنز بنائے، جن میں 10 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 311 رنز پر مشتمل تھی۔ وہ ایک بہترین فیلڈر اور آل راؤنڈر بھی تھے، جنہوں نے 110 کیچز اور 71 وکٹیں حاصل کیں۔
امریکا : اسکواش ایونٹ میں پاکستان کی کامیابی ، دو کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
بطور کپتان، بوب سمپسن نے 39 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی قیادت کی۔ ان کی قیادت کو متوازن اور مستحکم سمجھا جاتا ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد، وہ 1986 سے 1996 تک ایک دہائی تک آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیتے رہے اور ٹیم کی بحالی و کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے دور میں آسٹریلوی ٹیم نے کرکٹ میں دوبارہ عالمی بالادستی حاصل کی۔
بوب سمپسن کو آسٹریلوی کرکٹ میں چار دہائیوں تک ایک بااثر شخصیت کے طور پر تسلیم کیا جاتا رہا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
