امریکا : اسکواش ایونٹ میں پاکستان کی کامیابی ، دو کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

امریکا میں جاری جونز کریک اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے دو کھلاڑی، عاصم خان اور اشعب عرفان، شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
ایونٹ میں ٹاپ سیڈ عاصم خان نے مصر کے کریم بداوی کو 45 منٹ کے مقابلے میں 1-3 سے شکست دی۔ میچ کا اسکور 11-3، 11-6، 5-11 اور 11-8 رہا۔
دوسری جانب، سیکنڈ سیڈ اشعب عرفان نے امریکا کے کرسٹوفر گورڈن کو صرف 20 منٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے ہرا دیا۔ اشعب نے میچ 11-2، 11-4 اور 11-4 سے اپنے نام کیا۔
پاکستان شاہینز کی شاندار شروعات، بنگلادیش اے کو 79 رنز سے شکست
دوسری طرف، پاکستان کے احسن ایاز اور حذیفہ ابراہیم کو راؤنڈ آف 16 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ساتویں سیڈ احسن ایاز کو مصر کے عمر الکتان نے 58 منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں 2-3 سے ہرایا۔
اسی طرح، حذیفہ ابراہیم کو برازیل کے تھرڈ سیڈ ڈیاگو گوبی کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
