نوازشریف اورمریم نوازنےمری کے سیاحتی منصوبوں کی منظوری دیدی

مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے مختلف سیاحتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کوٹلی ستیاں میں اسکائی گلاس برج پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی اور لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

مری میں ہونے والے اجلاس میں چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل اور جھیکا گلی میں متاثرین کی بحالی کا حکم دیا گیا۔ شوالا، سوزو اور برروری میں ہاسپٹیلٹی زونز قائم کرنے اور  نجی شعبے کے تعاون سے فائیو اسٹار معیار کے ہوٹل  تعمیر کرنے اور تجاوزات کے باعث گرائی گئی عمارتوں کا ملبہ فوری ہٹانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں ریچ بل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی چوڑائی 10 فٹ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اس کے علاوہ تین نئے پارکس کے قیام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انگوری روڈ پارک، ایم آئی ٹی پارک اور اریاڑی پارک منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، ایکو زون اور جدید کانفرنس روم قائم ہوں گے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دھار جاوا اور ڈونگا گلی میں واٹر سپلائی اسکیم مکمل کر لی گئی ہے۔

اجلاس میں چیوڑا ہل میں جدید گلیمپنگ پوڈ ویلج  قائم کرنے، اس کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کرنے اور چیوڑا میں پیرا گلائیڈنگ کلب پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔

کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ، پنجاب ہاؤس اور دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

Back to top button