دہشتگردی کو ہر حال میں شکست دیں گے، خیبر پختونخوا میں امن بحال ہوگا: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ایمان، حوصلے اور عزم کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دے کر صوبے میں ہر صورت امن بحال کیا جائے گا۔
پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کےپی نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور خیبرپختونخوا گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ پولیس نے محدود وسائل کے باوجود 21 برس تک دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس بہادری سے پولیس فورس دہشتگردوں کے سامنے کھڑی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ اگر اللہ کی رضا اور عوام کے مفاد کے لیے لڑا جائے تو فتح ہماری ہی ہوگی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں ہر حال میں امن قائم کیا جائے گا۔ پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ فورس کو ہنگامی بنیادوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے اور ایمان، حوصلے اور عزم کے ساتھ دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ افسران کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، تاہم نتائج لازمی دکھانا ہوں گے۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس برقرار رہے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ سرکاری افسران کی کارکردگی کو واضح پرفارمنس انڈیکیٹرز کے تحت جانچا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق جس کا کام انصاف فراہم کرنا ہے اگر وہ خود ایسا نہ کرے تو حالات خراب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کریں گے اور تمام فیصلے عوامی مفاد میں کیے جائیں گے۔
