چیف الیکشن کمشنرنےپی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو نقصان پہنچایا،وقاص اکرم

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کاکہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرنے تحریک انصاف کو مینڈیٹ کو شدید نقصان پہنچایا۔

تحریک انصاف کےسیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت ختم ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن کی وجہ سے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو نقصان پہنچا، الیکشن کمیشن کا آزاد ہونا انتہائی ضروری ہے جب کہ 8 فروری کو یوم سیاہ ہر صورت منائیں گے۔ملک کے اعلی عدالتوں نے کئی مرتبہ الیکشن کمیشن پر سوالات اٹھائے ہیں، الیکشن کمیشن کی وجہ سے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو نقصان پہنچا۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے غیر جمہوری اقدامات کی سہولت کاری کی، انہیں ان مجرمانہ اقدامات کا جواب دینا پڑے گا، الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کو تفصیلی خط لکھ لیا ہے۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف غیر جمہوری حربے استعمال کیے، ہم سے نشان چھینا گیا، لیول فلینگ فیلڈ فراہم نہیں کی گئی اور ہمارے پاس تمام شکایتیں موجود ہیں۔

سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیڈرز اور امیدوار اٹھائے گئے، تصدیق کنندہ اور تائید کنندگان کو غائب کیا گیا، سپریم جوڈیشل کونسل سے تمام شکایات کی انکوائری کی درخواست کی گئی ہے جب کہ سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس کےایجنڈے میں شامل کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ 8 فروری کے مظاہروں کو روکنے کیلئے ابھی سے گرفتاریاں شروع کردی گئی ہیں، یوم سیاہ ہر صورت منائیں گے، پنجاب میں ورکرزاور بلدیاتی نمائندوں کیخلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ہزار سے زائد کارکن جیل میں ہیں، جو لوگ جیل میں ملاقات کیلئےجاتے ہیں ان کیخلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں، چیف جسٹس کو پولیس کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔

Back to top button