جیلوں میں قید پی ٹی آئی کی قیادت کا احتجاجی تحریک معطل کرنے کا مطالبہ

جیلوں میں قید پی ٹی آئی کی قیادت نے حالیہ احتجاجی تحریک کو معطل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری،ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید،عمر سرفراز چیمہ اور دیگر نے میڈیا کے نمائندوں کو لکھےگئے ایک خط میں احتجاجی تحریک معطل کرنےکا مطالبہ کیا اور پارٹی قیادت پر زور دیا کہ وہ ملک گیر سوگ کا اعلان کرے۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کہاکہ ملک بھر میں تعزیتی اجلاس منعقد کیے جائیں جب کہ پارٹی رہنما سوگوار خاندانوں کےگھر تعزیت کےلیے جائیں اور ڈی چوک کے شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں۔

انہوں نےیہ بھی مشورہ دیاکہ اسلام آباد میں ہونےوالے قتل عام کی تفصیلات پوری طاقت کے ساتھ سوشل میڈیا کےذریعے لوگوں کے ساتھ شیئر کی جائیں۔

پارٹی رہنماؤں نےیہ بھی تجویز دی کہ عمران خان کی منظوری کےبعد پارٹی سوگوار خاندانوں کےلیے شہداء فنڈ قائم کرے۔

خیال رہے کہ حکومت نے 24 نومبر کے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران مظاہرین کو اسلام آباد کے ڈی چوک سے دھکیلنے کےلیے آپریشن کیا جس کے بعد احتجاجی تحریک اچانک معطل کر دی گئی تھی۔

تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچنے کے بعد ایک پریس کانفرنس کےدوران اعلان کیا تھا کہ ڈی چوک پر ہمارا دھرنا اس وقت تک جاری رہےگا جب تک عمران خان اسے ختم کرنے کا نہیں کہتے۔

پی ٹی آئی پر پابندی بہت بڑی غلطی ہوگی : شاہ محمود قریشی

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے احتجاج کےدوران جاں بحق اور زخمی ہونےوالوں کی کارکنوں کی تفصیلات جمع کرنے کےلیے کرائسز سیل قائم کر رکھا ہے،جس کےلیے 4 واٹس ایپ نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

Back to top button