عمران خان کوبطوروزیراعظم ملنے والےتحائف کی تفصیلات عدالت پیش

توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست عدالت میں پیش کردی گئیں۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی موجود تھے جب کہ بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔
بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی، جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائے گی۔ا سی طرح آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے۔
گواہ نے 100 صفحات پر مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔ گواہ کی جانب سے توشہ خانہ 2 کیس کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیر اعظم ملنے والے 108تحائف کی فہرست عدالت پیش کر دی گئی۔ علاوہ ازیں گواہ نے توشہ خانہ تحائف کے ریکارڈ سے متعلق2رجسٹر بھی عدالت پیش کردیے۔
گواہ نے پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت پیش کر دیا۔
واضح رہے کہ کیس میں مجموعی طور پر3گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے۔
بعد ازاں عدالت نےتوشہ خانہ2 کیس کی سماعت 2جنوری تک ملتوی کردی۔
