چیمپنئزٹرافی سے قبل قذافی سٹیڈیم کی تعمیرنوکاہدف پوراکردیا،محسن نقوی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کاکہنا ہے کہ چیمپئنزٹرافی سےقبل قذافی سٹیڈیم کی تعمیرنوکاہدف پورا کردیا۔
قذافی سٹیڈیم کی تعمیرنوکےبعدافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کاکہنا تھا کہ وزیراعظم آپ نے آج سے تقریباً چار ماہ پہلے سنگ بنیاد رکھا تھا، یہ ایک پرانا اسٹیڈیم تھا اور ہمارا ہدف تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اس کو تعمیر کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ تقریباً 2500 کے قریب مزدروں نے دن رات محنت سے کام کیا، اور اسے 177 روز کی ریکارڈ مدت میں جدید ترین اسٹیڈیم تیار کیا، مزید کہنا تھا کہ ایف ڈبلیو او نے اس ناممکن کو ممکن بنایا، کئی مزدور 3 مہینے تک گھر نہیں گئے اور 16، 16 گھنٹے تک کام کرتے رہے۔ہمارے اس مشکل موقع پر بھی پاکستان آرمی ہماری مدد کو آئی ورنہ اتنے مختصر وقت میں یہ پروجیکٹ نہیں بن پاتا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم پورے کا پورا نیا بنایا گیا ہے، جس میں نیسپاک اور ایف ڈبلیو او کا بھی کافی کردار ہے، پنجاب حکومت کی مدد نہ ہوتی تو یہ آج بھی کھنڈر ہوتا، پنجاب حکومت نے بھرپور تعاون کیا ہے، 30 سال بعد پاکستان میں ایک بڑا تورنامنٹ ہونے جارہا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تقریباً 30 سال بعد ملک میں بڑا ٹورنامنٹ ہونے جارہا ہے، ہم مل کر اس کو کامیاب کریں گے۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا باضابطہ آغاز 19 فروری سے کراچی میں کرکٹ میچ سے ہوگا، ایونٹ کے بعض میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہوں گے۔چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس وجہ سے پاکستان اور بھارت کے میچز کے علاوہ بھارت کے تمام میچز یو اے ای میں ہوں گے۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا، اگر فائنل میں بھارت پہنچا تو ایونٹ کا آخری میچ پاکستان میں نہیں ہوگا۔
