چیمپئنزٹرافی قومی ٹیم کی جیت کی منتظرہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ قومی ٹیم جیت کا جذبہ لے کر میدان میں اترے،چیمپنئنزٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نےلاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کاقذافی سٹیڈیم کی تعمیرنوکے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم سب کیلئےبڑی خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، ابھی آپ نے سنا کہ ایک ٹیم کے طور پر چاہے، کنٹریکٹرز ہیں یا مزدور اور محسن نقوی کی نگرانی میں اس کام کو ممکن کر دکھایا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھرپور مدد کی ہے، میں آپ کا بھی اور حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز اسپیڈ تو ماضی کی بات ہے، میں اس حوالے سے محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا آپ نے دل جیتا اور اب چیمپئنز ٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیرو ہوں گے بلکہ جو ہمارا ہمسایہ (بھارت) ہے اس کو شکست دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے، ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ بھارت کو شکست دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ انشا اللہ اللہ تعالیٰ ٹرافی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا، مزید کہا کہ ایک واقعہ سنانا چاہتا ہوں، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ تھا، ڈرک مارکس ان کے بڑے لمبے باؤلر تھے، شفقت رانا (مرحوم) اسپن باؤلنگ کو اچھا کھیلتے تھے، لیکن فاسٹ باؤلنگ سے ہچکچاتے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شفقت رانا نے 96 رنز بنا لیے، آخر اوور تھا ڈرک مارکس نے گیند کرائی شفقت نے بیٹ اوپر کیا اور بال چھوڑ دی، اگلے دن جب وہی باؤلر آئے، انہوں نے پھر بال کرائی، شفقت رانا نے شارٹ مارا اور وہ آؤٹ ہو گئے، انتہائی سست رفتاری سے ناامید ہو کر وہ پویلین کی طرف چل رہے تھے، جب پویلین پر پہنچے تو ان کا ایک بہت بڑا فین آگے بڑھ کر کہا کہ بیڈ لک، جس پر شفقت رانا نے کہا تھا کہ واقعی میں لک بڑا خراب ہے۔
وزیراعظم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اب بھارت سے میچ دبئی میں ہوگا، تو آپ مجھے بھی لے چلیں، اعظم صاحب آپ سے بڑی توقع ہے، کہاں ہے اعظم؟ رضوان کہاں ہے؟ آپ سے بڑی توقع ہے۔
شہباز شریف نے شاہین آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے سسر کے نقش قدم پر چلیں اور ’وکٹوکے‘ لگادیں، چیمپیئن ٹرافی انشااللہ اللہ تعالی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا۔
افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔