امریکا ایران براہِ راست رابطہ چینل قائم کرنے کا فیصلہ

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے بتایا کہ اس نئے انتظام کے تحت امریکی اور ایرانی فوجی حکام قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقاتیں کریں گے، جہاں دونوں فریق باہمی تنازعات اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر بات چیت کریں گے۔
ان کے مطابق ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی مشاورت میں یہ طے پایا کہ پاسدارانِ انقلاب کا ایک نمائندہ دوحہ بھیجا جائے گا، جہاں وہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک سینئر اہلکار سے ملاقات کر کے مختلف تنازعات کے حل پر تبادلہ خیال کرے گا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ اس براہِ راست رابطہ نظام کے ذریعے کئی حساس معاملات کو مؤثر انداز میں حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں میں بھی کمی آئے گی۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے ساتھ ایسے نئے رابطے استوار کیے ہیں جو اس سے قبل موجود نہیں تھے۔ ان رابطوں میں پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست بات چیت بھی شامل ہے۔امریکی نائب صدر کے مطابق متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان مختلف معاشی مراعات اور تعاون سے متعلق معاملات پر بھی مذاکرات جاری ہیں، جن میں آئی آر جی سی کے نمائندوں کے ساتھ براہِ راست گفتگو کی جا رہی ہے۔
