حکومت نے این آر او کی پیشکش نہیں کی، عمران خان نے خود پیغامات بھیجے: طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ، سینیٹر طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے علی امین گنڈاپور اور دیگر شخصیات کے ذریعے متعدد بار این آر او (قانونی رعایت) کے لیے پیغامات بھیجے گئے، تاہم حکومت کی طرف سے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ، عامر ڈوگر نے خود اعتراف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل جانے سے پہلے اور بعد میں بیرون ملک روانگی یا ہاؤس اریسٹ کی متعدد مرتبہ پیشکش کی گئی، مگر انہوں نے ان پیشکشوں کو مسترد کر دیا۔
محمود اچکزئی کی قومی حکومت کے قیام کے لیے وزیراعظم کو مذاکرات کی پیشکش
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اگرچہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بار بار پیغامات آئے، لیکن حکومت کی طرف سے این آر او کی کوئی باقاعدہ یا غیر رسمی پیشکش نہیں کی گئی۔
اس موقع پر پروگرام میں شریک پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی، ناز بلوچ نے واضح کیا کہ اُن کی جماعت کا فی الحال وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
