عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا، ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے،پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے الیگزینڈر لوکاشنکو کو خوش آمدید کہتے ہیں۔مختلف شعبوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کاکہناتھا کہ مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون کوبڑھایاجائے گا، بیلاروس پاکستان کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سےدیکھتاہے،نواز شریف کےدور حکومت میں صدر الیگزینڈرلوکاشنکو کا دورہ بڑاسود مند رہا تھا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہناتھا کہ ہم پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس دورے سےپاکستان معیشت پربڑےمثبت نتائج مرتب ہوں گے، آج اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کی تاریخی سطح کوعبور کر چکی ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے بہتر ہونے سے سرمایہ کاری اور ترقی میں اضافہ ہوگا، یہ سارے مثبت نتائج ہیں اور دوست ممالک کی طرف سے کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔پاکستان کے لیے یہ دورہ سنگ میل ثابت ہوگا، لوگوں نے انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے، عوام ترقی اور فلاح و بہبود کی سیاست کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ بیلاروس کےصدر الیگزینڈر لوکاشنکو 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
تفصیلات کےمطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکودورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی بات چیت کریں گے جن میں دوطرفہ تعاون اور روابط کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان اوبیلاروس کےوزرائےخارجہ کی ملاقات میں دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک کےوزرائےخارجہ کی موجودگی میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
