وزیراعظم2روزہ دورے پر کل متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے

وزیر اعظم شہباز شریف ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کیلئے کل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا2روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے نائب صدراوروزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پرورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کیلئے10 سے11 فروری تک یو اےای کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سےجاری بیان کےمطابق شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں گورننس،اختراعات اوربین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔جس کیلئےمختلف ریاستوں کے سربراہان، عالمی پالیسی سازوں اور نجی شعبے کےسرکردہ رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کا مارچ2024 میں عہدہ سنبھالنے کےبعد متحدہ عرب امارات کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار ، کابینہ کے اہم ارکان اور ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔اپنے دورے کے دوران وزیراعظم ڈبلیو جی ایس سے اپنے خطاب میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے لیے پاکستان کے وژن کو اجاگر کریں گے۔
