حکومت پاکستان کی سنجیدگی و عزم قابل تعریف، آئی ایم ایف

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی سنجیدگی اورعزم قابل تعریف ہے، پاکستان سے مزید تعاون کے لیے تیار ہیں۔
آئی ایم ایف نے مشن کے حالیہ دورہ پاکستان پربیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی سنجیدگی اور عزم کو سراہتے ہیں، پاکستان کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پُرامید ہیں۔
عالمی مالیاتی ادارےکا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم رواں سال کے آخر میں مزید پاکستان کا پھر دورہ کریگی اور گورننس، شفافیت، اقتصادی نتائج کو بہتربنانے کے مواقع تلاش کرے گی، دورہ پاکستان کا مقصد حتمی جائزے کی تیاری میں مدد حاصل کرنا ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف مشن نے 6 تا 14 فروری پاکستان کا دورہ کیا جس کا مقصد گورننس،بدعنوانی کی تشخیص کیلئےابتدائی کام مکمل کرنا تھا،مشن کا مقصد 6 بنیادی ریاستی افعال میں گورننس،بدعنوانی کےخطرات کاابتدائی جائزہ لینا تھا۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان پر مشن نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کے انسداد سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا، مشن نے دورہ پاکستان پر متعدد اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں جن میں وزارت خزانہ، ایف بی آر اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف وفد نے پاکستان کی وزارت قانون اور سپریم کورٹ سے بھی مشاورت کی، ایس ای سی پی اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان، کاروباری برادری، سول سوسائٹی اور عالمی شراکت داروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
