اسٹاک ایکس چینج نے نئی تاریخ رقم کردی، انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور
پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) نے نئی تاریخ رقم کرلی،بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا۔
جمعرات کو کاروباری دن کےآغاز پر اسٹاک ایکس چینج میں بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1210 پوائنٹس اضافے کےبعد ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کرگیا۔
یہ قابل ذکر ہےکہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کےعرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیاہے۔
واضح رہےکہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کےنتیجے میں سیاسی بے یقینی میں کمی کےبعد بدھ کو 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاتھا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھاکہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافےسے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کےقریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا۔
سولر پینلز کی طلب میں کمی کے باعث بیٹریوں کی قیمتوں میں بڑی کمی
یاد رہےکہ منگل کو کاروبار کے آغاز پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سےزائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا تھا تاہم غیر یقینی سیاسی صورت حال کے باعث دوپہر کے بعد مارکیٹ لڑکھڑا گئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔