بھارت سے کوئی خوف  نہیں،بھرپورجواب دیناجانتے ہیں،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈارکاکہناہے کہ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات سے ہمیں خوف نہیں پہلے بھی بھرپورجواب دیاتھا دوبارہ بھی جواب دینا جانتے ہیں۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈارکاصحافیوں سےگفتگو میں کہنا ہے کہ بھارت نے جب جنگ کا آغاز کیا تو پاکستان نے اس کے چھ طیارے مار گرائے اور مؤثر جواب دے کر اسے سبق سکھایا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان نے سفارتی سطح پر اس کی بھرپور حمایت کی، جس پر ایران نے پاکستان کو سچا دوست تسلیم کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم، صدر آصف علی زرداری، نواز شریف اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے داتا دربار کی تزئین و آرائش پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ گنبد بلند کر دیا گیا ہے، مدینہ منورہ طرز کی چھتریاں لگائی جائیں گی، جس کی منظوری وزیراعلیٰ مریم نواز نے دے دی ہے۔ امید ہے کہ آئندہ غسل سے پہلے تمام کام مکمل ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ 31 مئی 1999 کو نواز شریف نے دربار کا پہلا افتتاح کیا تھا، اور اب اس منصوبے کی تکمیل کا وقت قریب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے جب چھتیس گھنٹوں میں مسلسل 80 ڈرونز بھیجے تو پاکستان نے بھرپور دفاع کیا۔ ملک کو اس دوران عالمی سطح پر عزت و وقار اور کامیابی حاصل ہوئی۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے دو سالہ انتخاب کو ایک تاریخی موقع قرار دیا اور بتایا کہ ایران کے شہدا کے جنازوں میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے، پارلیمنٹ میں "تشکر پاکستان” کے نعرے لگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی جنگ کا خواہاں نہیں، بلکہ خطے میں امن اور معاشی ترقی کو ترجیح دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آذربائیجان سے 2 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری معاہدہ کیا، مہنگائی میں کمی آئی ہے اور شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی ہے، جس سے ترقی کی راہ ہموار ہوگی اور فی کس آمدنی میں اضافہ متوقع ہے۔

پیپلزپارٹی کے حوالے سے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وہ اتحادی ہیں اور کسی قسم کی کوئی اضافی خواہش ظاہر نہیں کی، ہم ان سے مکمل تعاون کریں گے۔ مشکل وقت میں ساتھیوں کا ساتھ نہیں چھوڑا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے وقت ایک صفحے پر تھیں، اور دنیا نے پاکستانی قوم کی متحد آواز سنی۔ کرپشن جہاں بھی ہو، خصوصاً خیبر پختونخوا میں، اسے قانون کے مطابق ختم کیا جانا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا، لیکن اب 14 ارب ڈالر کے زرمبادلہ ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیزفائر برقرار ہے، مگر خطرات ہمیشہ موجود رہتے ہیں، اس لیے ہم الرٹ ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور حالیہ دنوں میں 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔

Back to top button