ابوظہبی میں مقیم بنگلادیشی الیکٹریشن لاٹری جیت گیا

متحدہ عرب امارات میں مقیم بنگلادیشی الیکٹریشن محمد ناصر بلال نے 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کی لاٹری جیت کر سب کو حیران کر دیا۔
43سالہ محمد ناصر بلال گزشتہ 14 برس سے ابوظہبی میں مقیم ہیں، جبکہ ان کا خاندان اب بھی بنگلادیش میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے یہ خوش قسمت ٹکٹ (نمبر 061080) 24 جون کو ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کاؤنٹر سے خریدا تھا۔
قرعہ اندازی کے بعد میزبان رچرڈ اور بشریٰ نے جب انہیں خوشخبری دینے کے لیے کئی بار کال کی، تو ابتدائی طور پر ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔ تاہم، بِگ ٹکٹ کی ٹیم آخرکار ان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
محمد ناصر کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے 12 برس سے ہر ماہ باقاعدگی سے لاٹری ٹکٹ خرید رہے تھے۔ انہیں پہلی بار "بِگ ٹکٹ” کے بارے میں 12 سال قبل علم ہوا تھا، اور تب سے وہ یہ خواب دیکھتے آئے تھے کہ ایک دن جیت ان کا مقدر بنے گی۔
انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ میں جیت چکا ہوں۔ یہ میری زندگی کا سب سے بڑا لمحہ ہے۔”