حکومت،سیاستدانوں،اسٹیبلشمنٹ کا ایک پیج پرہونامخالفین کوبرداشت نہیں،محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کاایک صفحے پر ہونامخالفین سے برداشت نہیں ہورہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق گردش کرتی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار سیاستدان، حکومت اور عسکری قیادت ایک ساتھ کھڑی ہے تو کچھ عناصر کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 2700 جلوس نکالے جا رہے ہیں، جن میں سب سے بڑا جلوس سکھر میں منعقد ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے جلوس کو منظم انداز میں ہینڈل کرنے کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے، اور امید ہے کہ شام تک تمام جلوس خیریت سے اختتام پذیر ہو جائیں گے۔
اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آصف علی زرداری کو صدر کے عہدے سے ہٹانے اور نئی آئینی ترمیم کی افواہیں درست ہیں؟ محسن نقوی نے جواب دیا "میری درخواست ہے کہ کم از کم دو دن سیاست نہ کریں، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر بالکل یقین نہ کریں۔ کچھ لوگوں کو مسئلہ ہے کہ ہم سب متحد کیوں ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بعض عناصر اس اتحاد سے ناخوش ہیں، اسی لیے ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
ایک اور سوال پر کہ آیا وفاقی حکومت کو سندھ کے اضلاع شکارپور، کشمور اور کندھ کوٹ کی صورت حال سے آگاہی ہے یا نہیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں پوری معلومات ہیں، اور جیسے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں، اسی طرز پر سندھ کے ڈاکوؤں کا بھی مکمل بندوبست کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اقدامات کریں گی۔