’’ٹوئیٹر کے بلیو برڈ لوگو کو پانچ روز بعد بحال کر دیا گیا‘‘

سوشل میڈیا کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر چیف ٹوئیٹ کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں پر چھیڑ چھاڑ صارفین کو پریشانی میں مبتلا کرنے کے ساتھ اس کی مالیت میں بھی کمی کا باعث بن رہی ہے۔
چیف ٹوئیٹ ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لوگو کو فاختہ سے کتے میں تبدیل کرنے کے پانچ روز بعد اب اس کو دوبارہ سے پرانے فارمیٹ پر بحال کر دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا ’بلیو برڈ لوگو‘ 5 روز بعد بحال کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 3 اپریل کو ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کے لوگو ’بلیو برڈ‘ کو کرپٹو کرنسی ’ڈوج کوائن‘ کے لوگو (logo) سے تبدیل کر دیا تھا۔
ایلون مسک نے اس نمایاں تبدیلی کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی، خیال رہے کہ یہ تبدیلی اس وقت آئی ہے جب ایلون مسک نے امریکی عدالت میں درخواست دی تھی کہ ’ڈوج کوائن‘ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے 258 ارب ڈالر کے لیے دائر کیے گئے مقدمے کو خارج کیا جائے۔
ٹوئٹر کا بلیو برڈ لوگو تبدیل کر کے ڈوج کوئن رکھنے کے بعد کرپٹو کرنسی کی قدر میں 20 فیصد زائد اضافہ ہوا تھا تاہم آج ٹوئٹر کے ہوم پیچ پر ڈوج کوئن کا لوگو ہٹا دیا گیا ہے اور ٹوئٹر بلیو برڈ کا لوگو بحال کر دیا گیا، بلیو برڈ لوگو تبدیل کر کے دوبارہ بحال کرنے سے متعلق ایلون مسک اور ٹوئٹر کی جانب سے اب تک وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق بلیو برڈ لوگو کو واپس لانے سے ڈوج کوائن کی قدر میں 9 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ایلون مسک کے نے 44 ارب ڈالر کی قیمت پر ٹوئٹر خریدا تھا جس کے بعد ملازمین کی بڑی تعداد کو فارغ کردیا گیا اور بند اکاؤنٹس بھی بحال کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔
چیف ٹوئیٹ ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی خریداری کے بعد اس کی مالیت میں بھی بڑی کمی واقعہ ہوئی ہے، رپورٹ کے مطابق 44 ارب ڈالر کے ٹوئیٹر کی مالیت اب کم ہوکر 22 ارب ڈالر کے قریب رہ گئی ہے، جبکہ اس کے صارفین کی تعداد میں بھی بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔

غریبوں کیلئے مفت آٹا سکیم حکومت کے گلے کیوں پڑ گئی؟

Back to top button