ایم ڈی کیٹ میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کاحکم

وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ میں بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کاحکم دیدیا۔
وزارت صحت نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کی تحقیقات کیلئےصدر پی ایم ڈی سی کو خط لکھ دیا ہے، جس میں سینٹر وائز امیدواروں کی تعداد، نمبرز، پاس ریٹ اور ہائی سکورز کا تجزیہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ مراکز کے نتائج میں غیر معمولی یا نمایاں فرق کی بھی جانچ کی جائے، مراسلے میں حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سینٹر ریکارڈ اور رزلٹ ڈیٹا کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کو ایم ڈی کیٹ کے انویجیلیشن انتظامات اور دستیاب ڈیجیٹل ریکارڈ بھی چیک کا کہا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ امیدوار کی جگہ دوسرے شخص کے امتحان دینے اور پیپر لیکیج کے الزامات کی بھی تحقیقات کی جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طریقہ کار کی خلاف ورزی، تکنیکی خرابی یا انتظامی غفلت کی بھی جانچ کی جائے گی، ایم ڈی کیٹ نتائج کی تیاری اور امتحان کے انعقاد سے متعلق رپورٹس اور ریکارڈ حاصل کیے جائیں۔
وفاقی وزارت صحت نے پی ایم ڈی سی کو تحقیقات مکمل کرکے 15 روز میں رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔
