امریکا کا ریکوڈک میں1.25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ ایگزم بینک دوطرفہ شراکت داری کے تحت بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے پر 1.25 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں امریکی ناظم الامور بیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک نے پاکستان میں ریکوڈک منصوبے میں کان کنی اور اہم معدنیات میں تعاون کے لیے حال ہی میں 1.25 ارب ڈالر مالی سرمایے کی فراہمی کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں ایگزم بینک کے مالی تعاون کے منصوبے تحت ریکوڈک کان کی تعمیر اور انتظام کے لیے دو ارب ڈالر کی اعلی معیار کے امریکی معدنیات کے آلات اور درکار خدمات پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔
نیٹلی بیکر نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ایک اندازے کے مطابق امریکا میں 6 ہزار اور بلوچستان پاکستان میں 7 ہزار 500 روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریکورڈن منصوبہ کان کنی کے لیے بطور ماڈل پروجیکٹ ہوگا جو امریکی ایکسپورٹرز کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مقامی کمیونیٹیز اور شراکت داروں کو روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی خوش حالی کے سود مند ثابت ہوگا۔
