بغیرفٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی چلانےپر6ماہ قید،50ہزارجرمانہ ہوگا،ترمیمی آرڈیننس پیش

ون وےاور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی چلانے پر 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔پنجاب اسمبلی میں صوبائی موٹرگاڑیاں آرڈیننس 2025پیش کردیاگیا۔
صوبائی موٹر گاڑیاں (چوتھی ترمیم) آرڈیننس 2025 کی منظوری پہلے ہی گورنر پنجاب نے دے دی تھی اور اسے حالیہ اجلاس میں ایوان میں پیش کیا گیا۔
آرڈیننس کے مطابق مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے اور سزاؤں کی حد مقرر کی گئی ہے۔ کالے شیشے رکھنے، کم عمر بچوں کے موٹر گاڑی چلانے پرسزا اورجرمانہ ہوگا۔
ڈرائیور اور مسافر دونوں کیلئےسیٹ بیلٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تیز رفتاری کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو 2 ہزار، تھری وہیلر کو 3 ہزار، عام گاڑی کو 5 ہزار اور لگژری یا ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر 20 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔
اوور لوڈنگ، سگنل توڑنے، خراب لائٹس کے ساتھ رات کو گاڑی چلانے، ون وے کی خلاف ورزی، زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے، دھواں چھوڑنے اور ہیلمٹ نہ پہننے جیسے جرائم کیلئے بھی مخصوص جرمانے مقرر کیے گئے ہیں، جو گاڑی کی نوعیت کے مطابق مختلف ہیں۔
مثال کے طور پر موٹر سائیکل سوار کو ان خلاف ورزیوں پر 2 ہزار سے 3 ہزار روپے، عام گاڑیوں کو 3 ہزار سے 5 ہزار روپے، لگژری گاڑیوں کو 8 سے 10 ہزار اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو 10 سے 15 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
آرڈیننس کو اب پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اسمبلی کی منظوری کے بعد یہ باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کرے گا۔
