ایران جنگ جاری رہتی تو پٹرول 600 روپے لیٹر ہو جاتا،احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر ایران کی جنگ جاری رہتی تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں اس حد تک بڑھ جاتیں کہ پاکستان میں پٹرول 600 روپے فی لیٹر سے بھی اوپر چلا جاتا۔
ناروال میں نجی کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت نے اپنی بہترین سفارت کاری کے ذریعے نہ صرف ملک کو بلکہ دنیا کے 193 ممالک کو معاشی تباہی سے بچایا ہے، اس لیے آج عالمی قیادت پاکستان کو ’شاباش‘ دے رہی ہے اور ہماری سفارتکاری کے قصیدے پڑھے جارہے ہیں۔
احسن اقبال نے مخالف سیاسی جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک لیڈر لوگوں کو یہ تاثر دیتا تھا کہ ملک کا بیڑا غرق ہو گیا ہے، لیکن آج اسی پاکستان کے چرچے آسٹریلیا سے لے کر امریکا تک پوری دنیا میں ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی، ملک کا وقار بڑھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، اسی طرح آج کی قیادت نے عالمی بحران میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔
