بھارتی فوج سے ڈرنے والے نہیں ، پاکستان کی سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کسی صورت بھی بھارتی فوج سے ڈرنے والے نہیں ہیں ، ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں۔
بھارت کو منہ توڑ جواب دینے والے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کی کامیابی کے بعد پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بیانات کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں ملکی سالمیت اور خود مختاری کے حوالے سے بات کرنے سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کہہ رہے ہیں الحمدللہ! تاریخ نے یہ ثابت کیا ہےکہ افواج پاکستان اور قوم ہر جارحیت کے خلاف پوری قوت سے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئےہیں۔
آرمی چیف کاکہنا تھا علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان میں بھرپور دفاعی صلاحیت موجود ہے، ملکی سالمیت کا دفاع کیسےکرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں۔
جنرل عاصم منیرکا کہنا تھا 13 لاکھ بھارتی فوج اپنے تمام تر ہتھیاروں سے ہمیں ڈرا اور دھمکا نہیں سکتی، ہمارے آباؤ اجداد نے اور ہم نےاس ملک کو بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کہہ رہے ہیں کہ ہم بھارت کی طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کےعلاقے پہلگام کے سیاحتی مرکز پر فائرنگ کر کے 26 افراد کو قتل کر دیا گیا، پاکستان نے پہلگام واقعے کی ناصرف فوری طور پر مذمت کی بلکہ بھارت کو معاملے کی شفاف تحقیقات میں ہر قسم کے تعاون کی پیشکش بھی کی۔
تاہم ہندوتوا پالیسی پر گامزن بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی نے واقعے کے چند منٹ بعد ہی بغیر شواہد کے پاکستان پر الزام لگا دیا اور سیاسی مقاصد کے لیے پہگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بنا کر پاکستان نے عالمی بینک کی ثالثی میں ہونے والا دریاؤں کے پانی کی تقسیم کا سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے دو ٹوک الفاظ میں کہا گیا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہد ختم نہیں کر سکتا، اگر بھارت نے پاکستانی دریاؤں کے پانی کا بہاؤ روکا یا اس کا رخ موڑا تواسےجنگ تصور کیا جائے گا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا پانی ہماری لائف لائن ہے، اگر بھارت نےپاکستان کے پانی پرڈیم بنائے تو اس اسٹرکچر کو تباہ کر دیں گے۔
پاکستان کے واضح پیغامات کےباوجود بھارت باز نہ آیا اور 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب آزاد کشمیر اور پاکستان کے 5 مقامات پر بمباری کی جس کا پاکستانی افواج نےبھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 3 رافیل سمیت 5 طیارے تباہ کر دیے۔
پاک بھارت کشید گی میں امن کے حق میں بیان دینے پر ہندو انتہا پسندوں کی نامور مسلم صحافی کو سنگین دھمکیاں
بھارت نے 8 مئی کو پھر پاکستان کے متعدد شہروں میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرون بھیجے، ان ڈرونز کی مدد سے راولپنڈی میں جاری پی ایس ایل کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، 9 اور 10 مئی کی رات بھارت نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی فورسز کی طاقت کا امتحان لینے کی کوشش کی جس پر پاکستان نے بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا جسے بھارت طویل عرصےتک یاد رکھے گا۔
پاکستانی شاہینوں نےجے ایف 17 تھنڈر اور جے 10 سی طیاروں کی مدد سے بھارت کے فضائی دفاعی نظام ایس 400 سمیت کئی ائیر فیلڈز اورچیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔
پاکستانی فورسز کےتابڑ توڑ حملوں کے سامنے بے بس ہو کر بھارت نے امریکا سے سیز فائر کی درخواست کی جس کے بعد مختلف ممالک کی کوششوں سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا جس کی تصدیق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کی۔
