کیا عمران خان اسلام کا نام لے کر اپنی کرپشن پر پردہ ڈال پائیں گے

معروف لکھاری اور تجزیہ کار حماد غزنوی نے کہا ہے کہ ماضی کے پلے بوائے اور آجکے روحانی لیڈر عمران خان اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے مسلسل اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ انکا کہنا یے کہ مذہبی دھند پھیلانے والوں کا ہدف اپنے اصل چہرے کو چھپانا ہوتا ہے تا کہ دیکھنے والے کو سمجھ نہ آئے کہ پسِ غبار کون ہے، کوئی سادھو یا کوئی فراڈیا؟

روزنامہ جنگ کے لیے اپنے تازہ تجزیے میں حماد غزنوی کہتے ہیں کہ اربوں انسان مذاہب سے روحانی و دنیاوی راہ نمائی حاصل کرتے ہیں، وہ مذہبی احکامات کی روشنی میں اچھا انسان بننے کی کوشش کرتے ہیں، اور اپنی دنیا و عقبیٰ سنوارنے کی سعی کرتے ہیں۔ دوسری طرف یہ بھی درست ہے کہ ہر طاقت ور نظریے کی طرح مذہب کا غلط استعمال بھی ہوتا ہے۔ ہزاروں سال سے بالا دست طبقات اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے مذہب کی چھتری تلے پناہ لیتے رہے ہیں، بادشاہوں کاالوہی حقِ حکمرانی اور کاہنوں اور پروہتوں کا دیوتائوں کی نمائندگی کا دعویٰ، اسی سلسلے کی کڑیاں رہی ہیں۔ یہ مذہب کارڈ آج بھی بے دردی سے استعمال ہو رہا ہے۔

حماد غزنوی کہتے ہیں کہ مذہب کی آڑ میں کیا کیا خرافات ممکن ہیں، اس کا تجربہ و مشاہدہ زندگی بھر سے جاری ہے۔ اپنی دنیاوی خواہشات کو مذہبی روحانیات کا لبادہ پہنا کر حرص و ہوس بھی پوری ہو جاتی ہے اور آدمی معزز کا معزز بھی رہتا ہے۔ مختصراً یہ کہ اپنے اعمال کی غایت چھپانے میں مذہب کی دھند بہترین آڑ ہوا کرتی ہے۔ اگر بشری بی بی جیسی کسی پوتوں پوتیوں والی پیرنی کے دل میں اپنے خاوند سے طلاق لے کر کسی دوسرے سے نکاح کر کے ایک بار پھر سہاگ رات منانے کی خواہش بیدار ہو جائے اور اس خاتون میں اس عمل کی سیدھی سادی وجہ بتانے کا حوصلہ بھی نہ ہو تو وہ بے چاری کیا کرے؟ وہ یہ کہہ کر مذہب کی سموک سکرین کے پیچھے چھپ جاتی ہے کہ ’’مجھے ایک مقدس ہستی نے خواب میں پھر سے دلہن بننے کا حکم دیا ہے۔‘‘ ہمارے یہاں صحافیوں کو بشارتیں ہوتی رہی ہیں کہ جنرل باجوہ یونہی آرمی چیف نہیں لگ گیا تھا، دراصل اسکا فیصلہ ’’مْقدس دربار‘‘ میں ہوا تھا۔

حماد غزنوی کے بقول امریکا کے نو منتخب صدر نے حلف اٹھانے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں فرمایا کہ خدا نے انہیں ایک قاتلانہ حملے سے اس لیے بچا لیا تاکہ وہ امریکا کو دوبارہ عظیم بنا سکیں، اس حلف برداری کی تقریب میں عیسائیوں کے بنیادی فرقوں کے پادری اور ایک یہودی راہب نے بھی ٹرمپ کے حق میں گڑگڑا کر مناجات کیں۔ ایسے میں ہمارا دھیان پاکستان میں منعقد ہونے والی اس نوع کی تقریبات کی طرف چلا گیا جہاں اگر مارشل لا لگ رہا ہو تو کچھ آیات منتخب کی جاتی ہیں اور اگر جمہوریت لوٹ رہی ہو تو کچھ اور۔مذہب کی دھند دنیا بھرکے سیاست دان حسبِ ضرورت استعمال کرتے ہی رہتے ہیں مگر اس سلسلے میں پاکستانی سیاست دانوں کا حق فائق ہے۔ پاکستان کی تخلیق میں مذہب کارڈ ببانگِ دُہل استعمال ہوا تھا، اور پھر جب قائدِ اعظم نے گیارہ اگست کی تقریر میں مذہب کو فرد کا ذاتی مسئلہ قرار دیا تو ایک ایسا فکری پیچاک پیدا ہوا جسکی پرچھائیاں آج تک ہمارے آئین اورمعاشرے پر پڑ رہی ہیں۔ قراردادِ مقاصد سے چھبیسویں آئینی ترمیم تک، مذہبی سموگ پھیلی ہوئی ہے جو ناظرین کو دھوکا دینے کیلئے استعمال کی گئی ہے۔ ایک آدھ مثال دیکھیے، ہمیں بتایا گیا تھا کہ آئین میں باسٹھ تریسٹھ کی شقیں ’’اچھے مسلمان‘‘ چننے کیلئے رکھی گئیں تھیں۔ وقت نے ثابت کیا کہ یہ جھوٹ تھا، یہ شقیں سرکش سیاست دانوں کو کیفر ِکردار تک پہنچانے کیلئے آئین میں شامل کی گئیں تھیں۔

حماد غزنوی کہتے ہیں کہ محترمہ فاطمہ جناح اور بے نظیر بھٹو کی مخالفت کیلئے اسلام کی روشنی میں ’’عورت کی حکمرانی‘‘ کی بحث چھیڑنے والے کیا واقعی شمع اسلام کے پروانے تھے، یا مذہب کی دھند پھیلا کر سیاسی واردات ڈالنا چاہتے تھے؟اب لمحہء موجود میں آ جائیے، جس طرح عمران خان نے ابلاغ کے ہر شعبے میں اپنے سیاسی حریفوں کو چِت کیا ہے، اسی طرح ’’اسلامی ٹچ‘‘ دینے میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ اس ضمن میں مسز عمران خان کے ذکرِ خیر سے اجتناب برتنا ہو گا کہ وہ اس حوالے سے ایک مستقل بالذات موضوع ہیں۔ خان صاحب کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی نے 25 نومبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے ’قوم‘ سے اپنے پہلے خطاب میں کیا ہی خوب اسلامی ٹچ دیا جب انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب والوں نے عمران خان کی آمد پر قمر باجوہ صاحب سے شکوہ کیا کہ یہ کیا چیز اٹھا لائے ہو، جو ننگے پائوں مدینہ کی سرزمین پر پھرتا ہے اور اپنے ملک میں شریعت کا نظام نافذ کرنا چاہتا ہے۔ پچھلے ہفتے القادر ٹرسٹ کے ۱۹۰ ملین پائونڈ کیس کا فیصلہ آیا تو عمران خان نے فرمایا کہ میرا فقط یہ قصور ہے کہ میں نے سیرت النبیﷺ کی ترویج کیلئے ایک ادارہ بنایا تھا۔

حماد غزنوی بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ خان صاحب آپ پر الزام تھا کہ آپ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ہماری لوٹی ہوئی دولت کا ایک ذرہ اگر برطانوی حکومت نے ہمارے حوالے کر ہی دیا تھا تو آپ نے وہ مجرم کو ہی کیوں واپس کر دیا، اور ایک بند لفافے کی منظوری کابینہ سے کس قانون کے تحت لی، اور پھر میاں بیوی کا ٹرسٹ بنا کر اسی مجرم سے 450 کنال زمین کیوں وصول کی؟ آپ ان الزامات کے جواب میں فرما رہے ہیں کہ میں تو سیرت کی تعلیم دینا چاہتا تھا مگر دشمنانِ اسلام نے میرے خلاف سازش کر دی۔ آپ کو اپنی ننگی چٹی کرپشن چھپانے کے لیے اسلام کا نام استعمال کرنے پر شرم آنی چاہیے۔

Back to top button