جس نے ساری زندگی کھیل کھود میں گزاری اسے خارجہ پالیسی کا کیا پتا

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کا نام کشمیر فروش ہے، جس نے سار ی زندگی کھیل تماشے میں گزاری اسے خارجہ پالیسی کا کیا پتا۔
مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ کشمیر میرے خون کےاندر ہے، لوگ انتخابی مہم کے لیے آتے ہیں لیکن کشمیر میرے دل میں رہتا ہے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا نام کشمیر فروش ہے، عمران خان مقبوضہ کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈال کر آگیا ہے، یہ جتنا ڈراما کریں، روئیں دھوئیں، اس میں عمران کی مرضی شامل تھی، کشمیر فروشی کے بعد تم کیا منہ لےکر کشمیر میں آرہے ہو۔

ان کا کہنا تھا عمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں تمہیں کشمیریوں کا خون بیچنے کا حق کس نے دیا؟ ماں بیٹیوں کی عزت لوٹی گئی، ان کی قربانیوں کو یوں بہانے کا حق کس نے دیا؟ مقبوضہ کشمیر کے بعد اب کشمیر کو کاٹنے کی تیاری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص نے ساری زندگی کھیل کود میں گزار دی، وہ کیا جانے خارجہ پالیسی کیا ہوتی ہے، جس بلے سے کھیلتا تھا اس سے ہی عوام کو مار رہا ہے۔

جب کشمیر کے بارے میں چیخ چیخ کر بتانا چاہیے تھا عمران خان نے خاموشی اختیار کرلی: نائب صدر ن لیگ
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ جب عمران خان کشمیر آئے تو پوچھنا کشمیر کا سودا کیوں کیا؟ تم کہتے تھے ٹرمپ ثالثی کرے گا، تو کیا یہ تھی ٹرمپ کی ثالثی؟ کشمیر گنوا کر آگیا، کیا یہ تھی سلیکٹڈ کی خارجہ پالیسی؟ کہتا ہے میں نے خاموشی اختیار کرلی ہے، عوام بھی 2 منٹ کی خاموشی اختیار کر لیں، جب کشمیر کے بارے میں چیخ چیخ کر بتانا چاہیے تھا تم نے خاموشی اختیار کرلی۔
ان کا کہنا تھا عوام پر ایک کے بعد ایک قیامت ڈھانے کے بعد پوچھتا ہے میں کیا کروں؟ اسلام آباد میں سڑک کا نام تبدیل کر دیا، یہ ہے سلیکٹڈ کی خارجہ پالیسی، عمران خان نے کشمیر کا سودا کر دیا اور کہتا ہے ہفتے میں ایک دن سوگ منائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ برہان وانی کا مقدمہ نواز شریف نے اقوام متحدہ میں لڑا تھا، کل دفتر خارجہ میں وانی کی برسی پر ناچ گانا ہو رہا تھا، نواز شریف عوام میں نکلتے تو عوام کو بتاتے تھے کہ چینی، آٹا، پیٹرول کتنا سستا کیا، نواز شریف بتاتے تھے کہ ردالفساد لڑ کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا، عمران خان کشمیر آئیں گے تو عوام کو کیا بتائیں گے، عمران خان یہ بتائیں گے کہ چینی کتنی منہگی کی، رمضان میں ایک کلو چینی کے لیے عوام کو ذلیل و خوار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکشن کا سورج پاکستان میں غروب ہو رہا ہے، سلیکشن کے سورج کو آزاد کشمیر میں طلوع نہیں ہونے دیں گے۔

عمران خان اپنی نالائقی کی وجہ سے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ چکا ہے: مریم
مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف نے خدمت کر کے لوڈشیڈنگ کا عذاب ختم کیا، آج 12، 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ واپس آچکی ہے، نواز شریف دور میں جس دوا کی قیمت 50 روپے تھی وہ آج 500 روپے کی ہو گئی ہے، نواز شریف نے آئی ایم ایف سے پاکستان کی جان چھڑوا دی تھی، یہ اپنی نالائقی کی وجہ سے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ چکا ہے، عوام کو دینے کے لیے پیسہ نہیں ہے، لیکن آزاد کشمیر میں ووٹ خریدنے کے لیے پیسہ ہے، کہاں سے آتا ہے وہ پیسہ؟ کیا فارن فنڈنگ کا پیسا ہے؟ یا کشمیر بیچنے کا پیسہ ہے؟

ان کا کہنا تھا عوام کا جذبہ دیکھ کر کہتی ہوں کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے، کشمیریوں کو آٹے چینی کی لائنوں میں لگنے کے لیے دربدر نہیں چھوڑوں گی، الیکشن کے دن گھر نا بیٹھیں، جوق در جوق نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ شیر پر مہر لگانا اور اپنی کامیابی کی جنگ جیت کر آنا، عادتاً ووٹ چور عمران ووٹ پر ڈاکا ڈالے تو اسے ڈسکہ کی عوام کی طرح پکڑنا، ووٹ چوری کرنے والے کو گردن سے پکڑنا، بھاگنے نہیں دینا۔

Back to top button