سوات دھماکے میں اموات کی تعداد 8 تک پہنچ گئی

سوات کے علاقے برہ بانڈئی میں ہونے والے ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں اموات کی تعداد 8 تک پہنچ گئی ہے، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 3 افراد کی لاشیں آج صبح ملی ہیں، یاد رہے کہ گزشتہ روز سوات کے علاقے برہ بانڈئی میں ہونے والے ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں 2 اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میں رکن امن کمیٹی ادریس خان بھی شامل تھے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، گزشتہ روز ہی خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3جوان شہید ہوگئے تھے۔ کوہاٹ میں پولیس اسٹیشن پر دستی بم کے حملے میں 4 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دستی بم کا حملہ تھانا بلی ٹنگ پر کیا گیا جس میں 4 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانے پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ادھر ضلع خیبر کے علاقے گودر میں بھی ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کا بتانا ہے کہ ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ کا واقعہ رات کو پیش آیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

Back to top button