ضمنی الیکشن کی بھر پور مہم پر پارٹی رہنمائوں کا مشکور ہوں

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی 20 نشستوں پر ہونیوالے ضمنی الیکشن کی بھر پور انتخابی مہم پر پارٹی رہنمائوں کے مشکور ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر ایک پیغام میںوزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ضمنی انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہونے پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے انتھک کوششوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کا مشکور ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز نے پارٹی کے لیے بہترین انتخابی مہم چلائی جبکہ پر امن انتخابات کے انعقاد پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی قیادت میں پنجاب حکومت مبارک باد کی مستحق ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے سے خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں 15 نشستیں جیت لی ہیں۔
ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی- 167 لاہور میں پی ٹی آئی کے امیدوار کے شبیر گجر 40 ہزار 511 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جہاں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے منحرف امیدوار نذیر چوہان 26 ہزار 472 ووٹ لے سکے۔

لاہور کے پی پی-158میں بھی پی ٹی آئی کے میاں اکرم عثمان 37 ہزار 463 ووٹ حاصل کرکے جیت گئے۔ پی پی-158 لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا احسن 31 ہزار 905 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔پی ٹی آئی نے پی پی-83 خوشاب، پی پی-217 ملتان، پی پی-288 ڈیرہ غازی خان اور پی پی-202 ساہیوال اور دیگر حلقوں میں بھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے لاہور، بہاولنگر، مظفرگڑھ اور راولپنڈی میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ لودھراں کی ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل اتوار کو صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہا، اس دوران بعض مقامات پر لڑائی جھگڑوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

واضح رہے کہ یہ وہ نشستیں ہیں جن پر 2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن سیاسی گرما گرمی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کے حق میں ووٹ دینے پر پاکستان تحریک انصاف نے ان اراکین کی رکنیت کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان تمام منحرف اراکین کو نااہل قرار دیا تھا۔

Back to top button