فواد خان سیریز ’مس مارول‘ میں اداکاری کریں گے؟

مارول سیریز کا پروجیکٹ ’مس مارول‘ اپنے آغاز سے قبل ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور خبروں کی زینت بننے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ پاکستانی اداکار فواد خان ہیں۔
اداکار فواد خان ڈزنی پلس سیریز کے نئے پروجیکٹ مس مارول میں جلوہ گر ہونے کےلیے تیار ہیں۔ ان کے علاوہ انڈین ایکٹر اور ڈائریکٹر فرحان اختر، پاکستان کی سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد اور نمرہ بُچہ بھی اس پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ سے فواد خان کے مس مارول پروجیکٹ کا حصہ بننے کی خبریں ویب سائٹس پر گردش کر رہی تھیں تاہم کوئی مصدقہ سورس نہ ہونے کی وجہ سے مداحوں نے اسے افواہ ہی خیال کیا تھا لیکن فواد خان کا نام مس مارول کے آئی ایم ڈی بی پیج میں شامل کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد خان کا نام اس وقت ٹرینڈ کرنے لگا جب صحافی ہارون راشد نے ٹویٹ کی کہ فواد خان مارول پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے لکھا ’زبردست، فواد خان مس مارول کے پہلے مسلمان کردار میں ڈزنی سیریز میں نظر آئیں گے، انہیں شو کے آفیشل آئی ایم ڈی بی پیج میں شامل کر لیا گیا ہے۔ مبینہ طور پر فرحان اختر، نمرا بُچا اور ثمینہ احمد بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔ مارول نے ابھی اس بارے میں تبصرہ نہیں کیا، زبردست، اگر یہ سچ ہے تو۔‘ اس ٹویٹ کے بعد صارفین نے تبصروں کے انبار لگا دیے، کسی نے خبر کو فیک کہا تو کسی کو یقین نہیں آیا۔ ایسے ہی ایک احمد سہیل نامی صارف نے لکھا ’مجھے نہیں لگتا کہ یہ سچ ہے، آئی ایم ڈی بی کی کاسٹنگ اکثر جعلی ہوتی ہے۔‘ فواد خان کے مارول پروجیکٹ کا حصہ بننے کی خبر وائرل ہوئی تو کچھ صارفین ایسے بھی نظر آئے جو مارول سیریز میں دلچسپی نہ ہونے کے باوجود پُرجوش نظر آئے۔ اسی حوالے سے صارف حیات نے لکھا کہ ’فواد خان دنیا میں وہ واحد شخص ہیں جو مجھے مارول سیریز دیکھنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔‘ گفتگو آگے بڑھی تو مداحوں نے فواد خان کے مارول پروجیکٹ کا حصہ بننے کی خوشی کا اظہار میمز کے ذریعے بھی کرنا شروع کیا۔ ذیشان اسلم نے انڈین اداکار پاریش راول کی تصویر لگائی جس کے اوپر لکھا گیا تھا ’کلیجہ ٹھنڈا ہوگیا۔‘واضح رہے کہ فواد خان کے اس پروجیکٹ کے ساتھ منسلک ہونے کی خبر پر فواد خان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔پاکستانی میگزین سم تھنگ ہاٹ کے مطابق دو بار کی آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے ان چار ڈائریکٹرز میں سے ایک ہیں جو مارول فرنچائز کی اگلی سیریز کا حصہ ہوں گے۔ان کے علاہ میرا مینن، عادل الربی اور بلال فلہہ بھی شامل ہیں۔مس مارول کی کہانی پاکستانی نژاد کمالہ خان (ایمان ویلانی) پر بنائی جا رہی ہے۔ یہ سیریز 2021 کے آخر میں ڈزنی پلس پر ریلیز ہوگی۔

Back to top button