افغان ٹیم نے بھارتی کوچ کی خدمات حاصل کرلیں

افغانستان نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل بھارتی کوچ کی خدمات حاصل کرلیں۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کوچ ملاپ پردیپ کمار میوادا کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کر دیا ہے۔افغان نیوز ایجنسی کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے اپنی ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ملاپ میوادا نے سری لنکا میں افغانستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔
ملاپ میوادا اس سے پہلے بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں بھی افغان ٹیم کے ساتھ کام کر چکے ہیں، ملاپ میوادا کی بطور فل ٹائم بیٹنگ کوچ پہلا اسائنمنٹ پاکستان کے خلاف سیریز ہو گا۔
ذرائع کے مطابق میلاپ بطور کوچ وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ حیدرآباد اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ٹیم، چھتیس گڑھ اسٹیٹ کی سنگھ ٹیم اور جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں،
افغانستان کرکٹ ٹیم ان دنوں ہمبنٹوٹا میں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے، پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 22 اگست کو کھیلا جائے گا۔
