پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااعلان

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااعلان کردیا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پرلیوی103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 112 روپے14 پیسے فی لیٹرکردی گئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل پرلیوی28 روپے69 پیسے سے بڑھاکر37 روپے33 پیسے فی لیٹر کردی گئی۔ ہائی آکٹین پرلیوی305 روپے37 سے بڑھاکر307 روپے52 پیسے فی لیٹرکردی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ کل یکم مئی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان آج ہی کیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان اوگرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پرپیٹرولیم ڈیلرزکی مبینہ ہڑتال سے متعلق جعلی خبریں گردش کررہی ہیں، کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے کسی قسم کی ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ جنگ کے آغاز سے ہی پیٹرولیم سپلائی بلاتعطل برقرار رکھی گئی ہے، مستقبل میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔
