شاہین شاہ آفریدی نے ازدواجی اننگز کی تیاری کرلی

میدان کے اندر اپنی برق رفتار گیندوں سے حریف بلے بازوں کی وکٹیں اُڑانے والے فاسٹ بائولر شاہین شاہ نے ذاتی زندگی میں بھی ازدواجی اننگز کے آغاز کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، فاسٹ بائولر کی شادی کی تاریخ طے پا گئی ہے۔ذرائع کے مطابق قومی فاسٹ بالرشاہین شاہ آفریدی کی بارات 19 ستمبر کو کراچی میں ہوگی جبکہ 21 ستمبر کو ولیمے کی تقریب طے پائی ہے، خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کا نکاح رواں برس فروری میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی سے ہوا تھا۔اطلاعات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی شادی کی تاریخ پہلے ستمبر کے دوسرے ہفتے میں طے پائی تھی تاہم ایشیا کپ کی وجہ سے تاریخ آگے بڑھا دی گئی۔شاہد آفریدی اپنی بیٹی کی رخصتی کراچی سے کریں گے جہاں سابق ٹیسٹ کرکٹرز سمیت ملک کے دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے، دوسری جانب شاہین آفریدی اپنے ولیمے کی تقریب اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد کریں گے۔ولیمے کے لیے دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں اور تیاریاں عروج پر ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ولیمے کا ایک سادہ دعوت نامہ تیار کیا ہے جس میں آفریدی فیملی کی جانب سے مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی کا نکاح 3 فروری کو کراچی کی مقامی مسجد میں ہوا تھا، دونوں کی منگنی منگنی مارچ 2022 میں انجام پائی تھی۔دونوں کی منگنی کے بعد ہی شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کے خاندان نے رشتہ طے ہونے کی تصدیق کی تھی۔
