غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی نہ رک سکی،مزید 180فلسطینی شہید

اسرائیلی دہشت گردی نہ رک سکی،خان یونس،رفح سمیت غزہ پٹی پر شدید بمباری سے مزید 180فلسطینی شہید ہو گئے ۔نقل مکانی کیلئے محفوظ راہداری قرار دیے گئے رفح پر بھی رات گئے اسرائیلی بمباری میں خیمہ بستیوں میں پناہ لیے ہوئے بچوں سمیت کئی فلسطینی پناہ گزین شہید ہو گئے۔7اکتوبر سے اب تک اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضا سے زمین پر گرائے گئے 29 ہزار سے زائد بموں میں سے 45 فیصد بم ان گائیڈڈ تھے یعنی وہ اندھے بم تھے۔
غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں 7 اکتوبر سے اب تک 7 ہزار 729 سے زائد بچوں اور 5 ہزار 153 سے زائد خواتین سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 608 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 8 ہزار 663 سے زائد بچوں اور 6 ہزار 327 سے زائد خواتین سمیت 50 ہزار 594 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اب تک 3 ہزار 714 طالب علم شہید جبکہ 5 ہزار 700 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔غزہ میں شہید طالب علموں کی تعداد 3 ہزار 679 اور مقبوضہ مغربی کنارے میں 35 طالب علم اسرائیلی جارحیت کا شکار ہوئے ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج نے بے گھر فلسطینیوں کو ایک بار پھر شمالی غزہ اور خان یونس سے نکلنے کا الٹی میٹم دیدیا۔