پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کے بعد تربیلا ڈیم 99 فیصد بھر گیا

پنجاب میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں تربیلا ڈیم 99 فیصد تک بھر چکا ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1549.20 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو اس کی مجموعی گنجائش کا 99 فیصد ہے۔ اسی طرح منگلا ڈیم میں پانی کا لیول 1219.40 فٹ تک پہنچنے کے بعد یہ 76 فیصد تک بھر چکا ہے۔

دیگر ڈیمز کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے: راول ڈیم کا لیول 1751.70 فٹ، خانپور ڈیم 1979 فٹ اور سملی ڈیم کا لیول 2313.90 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادھر دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 5 لاکھ 43 ہزار 184 اور اخراج 5 لاکھ 7 ہزار 853 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے اور ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب اور ستلج میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے متعدد دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں۔

تاہم دریائے راوی کے مختلف مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے جبکہ دریائے جہلم، کابل، چناب اور ناری میں بھی بہاؤ عمومی سطح پر ہے۔

ڈی جی خان ریجن کے پہاڑی نالوں سنگھڑ، وہواء اور کوڑا میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ راجن پور ریجن کے برساتی نالوں میں فی الحال کوئی بہاؤ نہیں ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں اور ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

Back to top button