آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کا بیٹا لندن کا کونسلر نکلا


پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی طرح آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے بچے بھی انگلینڈ میں قیام پذیر ہیں۔ جب 4 اگست کو سردار عبدالقیوم نیازی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تو ان کے لندن پلٹ صاحبزادے ضرار قیوم بھی تقریب میں موجود تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ اپنے والد کی طرح ضرار بھی سیاستدان ہیں۔ وہ لیبر پارٹی سے وابستہ ہیں اور لندن میں اپنی کنسلٹنسی فرم بھی چلا رہے ہیں۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے بیٹے ضرار قیوم لندن بورو آف ہیمرسمتھ اور فلہم کے لئے لیبر پارٹی کے کونسلر ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے پاس کونسل میں لیبر پارٹی کے چیف وہپ کا عہدہ بھی ہے۔ کونسلر ضرار قیوم ویسٹ اینڈ کے وارڈ کے لیے لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر کھڑے ہوئے اور اپنے ٹوری حریف کے خلاف جیت گئے۔ ضرار قیوم نے انتخابی مہم میں بنیادی حقوق، مساوات اور مفت کھانے کے حق میں کیمپین کی تھی۔ ضرار قیوم لندن کے میئر صادق خان کی ایمپلائمنٹ اینڈ سکلز کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ سیاسی میدان میں متحرک ہونے کے ساتھ ساتھ ضرار قیوم ایک کنسلٹنسی فرم بھی چلا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ضرار قیوم کی طرح برطانیہ میں مقیم سینکڑوں کشمیری 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے آزاد کشمیر پہنچے تھے۔ ضرار نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد سردار عبدالقیوم کشمیریوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لئے اپنا تن من دھن قربان کردیں گے، وہ وزیرا عظم پاکستان عمران خان کا بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔ نومنتخب وزیراعظم کے صاحبزادے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر کے باسیوں کی حالت زار سے متعلق ہر عالمی فورم پر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ ضرار نے بتایا کہ ان کے والد نے ساری زندگی سیاست میں گزاری ہے، وہ اسمبلی میں ہوں یا نہ ہوں انہوں نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ ضررا کے مطابق ان کے والد سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنی انتخابی مہم میں اہلیان کشمیر کو یقین دلایا ہے کہ اگر تحریک انصاف برسراقتدار آئی تو نوکریوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ ضرار نے کہا کہ ان کے والد ایک پرامید اور باہمت شخص ہں۔ ان شااللہ وہ ڈیلیور کریں گے۔
خیال رہے کہ عبد القیوم نیازی کو بیرسٹر سلطان محمود اور تنویر الیاس جیسے فیورٹ امیدواروں پر ترجیح دی گئی۔ عمران خان کے سرپرائز کا تب پتہ چلا جب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے 4 اگست کی صبح یہ اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کو آزاد جموں و کشمیر کا اگلا وزیر اعظم نامزد کردیا ہے۔ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ‘طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے نومنتخب ایم ایل اے جناب عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیازی ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل ہمیشہ کارکنوں کے دلوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ واضح رہے کہ عبدالقیوم نیازی پرانے ساستدان ہیں۔ اس سے قبل یہ ریاستی جماعت آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کا حصہ تھے اور آزاد کمشیر میں 2016 کے عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر کے 2006 الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کی تھی اور ان کے پاس2011 تک کابینہ میں مختلف وزارتوں کے قلمدان رہے۔ اس سے قبل ان کے بڑے بھائی سردار مصطفیٰ خان بھی 1987 اور 1991 میں رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عبدالقیوم نیازی طویل عرصے سے سیاسی میدان میں موجود ہیں۔ 80 کی دہائی کے اوائل میں آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں انہیں سب سے کم عمر ڈسٹرکٹ کونسلر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

Back to top button