ایران کا جوابی وار، بحرین اور کویت میں 85 امریکی اہداف نشانہ بنانے کا دعویٰ

امریکی حملوں کے جواب میں ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں واقع امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جن میں 85 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملوں میں بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر، پورٹ سلمان اور کویت میں علی السالم ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی امریکا کی جانب سے جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے جواب میں کیے گئے ’’ابتدائی ردعمل‘‘ کا حصہ ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی تدفین میں عوام کی غیر معمولی شرکت کے بعد امریکا نے ایک بار پھر جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے علی الصبح ہرمزگان اور ماہشہر کے ساحلی علاقوں میں بعض فوجی اڈوں اور غیر فوجی مراکز پر فضائی حملے کیے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اس جارحیت کے جواب میں پاسدارانِ انقلاب کی بحری اور فضائی افواج نے مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائیوں کے ذریعے بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے مرکز، پورٹ سلمان، اور کویت میں علی السالم ایئر بیس سمیت 85 اہم امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کارروائی کے دوران ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرایا گیا۔
امریکا کا ایران پر حملہ، 80 سے زائد اہداف نشانہ، تیل رعایت بھی ختم
اس سے قبل امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) نے اعلان کیا تھا کہ اس کی افواج نے ایران میں 80 سے زائد اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں۔
