آٹے کا ٹرک عظمیٰ بخاری کے گھر کس وزیر نے بھیجا؟

پنجاب میں آٹے کے بحران کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کی بجائے بزدار سرکار نے صوبے میں گندم کی قلت کی نشاندہی کرنے والے اپوزیشن اراکین کوہی ٹارگٹ کرنا شروع کر دیا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے گندم کی قلت کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کرنے کے ایک روز بعد محکمہ خوارک کے اہلکار ان کے گھر کے باہر آٹے کے تھیلے رکھ کر روانہ ہو گئے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے آٹے کے بحران کی تحقیقات کےلئے پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن وفاقی اور صوبائی وزراء کا آٹے کے بحران میں نام آرہا ہے ان کوشامل تفتیش کیا جائے۔ یاد رہے کہ آٹے کے بحران کا ذمہ دار جہانگیر ترین کو قرار دیا جا رہا ہے جس کی نشاندہی عظمی بخاری نے بھی حالیہ ٹی وی ٹاک شوز میں کی ہے۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ اگر پنجاب حکومت کے پاس 2.3ملین میٹرک ٹن گندم کا سٹاک موجود ہے تو گندم برآمد کیوں کی جارہی ہے؟ حکومتی وزراءپہلے تعین کریں پنجاب میں آٹے کا بحران ہے یا نہیں. وفاقی حکومت نے کتنے پیسوں میں باہر گندم بیچی اور کتنے میں خریدنے جا رہے ہیں؟ حکومتی وزراءکے خیالی پلاﺅں والے بیانات سے عوام کو پیٹ نہیں بھر سکتا.
عظمی بخاری کی جانب سے آٹے کی قلت کی نشاندہی کے ایک روز بعد 21 جنوری کی صبح محکمہ فوڈ نے آٹے سے بھرا ایک ٹرک لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر کھڑا کر دیا۔ محکمہ فوڈ کے اہلکاروں نے تھوڑی دیر ٹرک کھڑا کرنے کے بعد فون پر کسی سے ہدایات لیں اور پھر ان کے گھر کے باہر آٹے کے 15 تھیلے رکھ کر روانہ ہو گئے۔ یہ سب کچھ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ محکمہ فوڈ کے اہلکار آٹے سے بھرا ٹرک لے کر ان کے گھر کے باہر آئے اور گھنٹی بجا کر کہا کہ میڈم ہم آٹے کے تھیلے لے آئے ہیں اور امید ہے کہ اب آپ کو آٹے کی قلت پیش نہیں آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ایماء پر میرے گھر کےباہر صبح صبح تماشا کھڑا کیاگیا، مجھے کہا گیا کہ بتائیں آٹا کہاں نہیں مل رہا ہے؟
اگر میں نے ہی حکومت کو بتانا ہے کہ آٹا کہاں کہاں نہیں مل رہاتو انہیں استعفے دے کر گھر چلے جانا چاہئے۔ عظمی کا مزید کہنا تھا کہ کیا صوبے میں عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا کوئی جرم ہے، حکومت کے اس طرح کے غیر سنجیدہ اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے پر شرم آنی چاہیے۔ سوال یہ ہے کہ آٹے کا یہ ٹرک عظمی بخاری کے گھر بھجوانے کا حکم کس نے جاری کیا تھا کیونکہ اگر حکومت یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں تو یہ سراسر جھوٹ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button