اداکار نعمان اعجاز کے بیٹے کی بھی ڈراموں میں انٹری

معروف اداکار نعمان اعجاز کے بڑے بیٹے زاویار اعجاز بھی اداکاری کے میدان میں اتر آئے ہیں۔ وہ ماضی کے مقبول ڈرامے ’’سنگ مرمر‘‘ کے سیکوئل ’’سنگ ماہ‘‘ میں اپنے والد کے ساتھ شوبز کیریئر کا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ ڈرامہ ’’سنگ ماہ‘‘ کی شوٹنگ چند ماہ سے جاری ہے جس میں گلوکار عاطف اسلم بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
متعدد سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس پر تصدیق کی گئی ہے کہ زاویار اعجاز بھی ’’سنگ ماہ‘‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں اور وہ شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ تاحال زاویار اعجاز یا ’’سنگ ماہ‘‘ کی ٹیم نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا لیکن زاویار اعجاز نے اہنی انسٹا گرام سٹوری میں ایک ڈرامے کا سکرپٹ شیئر کیا جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ بھی والد کے ساتھ اداکاری کر رہے ہیں۔
’سنگ ماہ‘ میں نعمان اعجاز مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جبکہ ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں ہانیہ عامر، کبریٰ خان، عاطف اسلم، ثانیہ سعید، سامیہ ممتاز اور میکال ذوالفقار بھی شامل ہیں۔ نعمان اعجاز نے بھی حال ہی میں ’سنگ ماہ‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے تصدیق کی تھی کہ عاطف اسلم بھی ڈرامے کا حصہ ہیں تاہم انہوں نے ویڈیو میں بیٹے کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا تھا۔ ’’سنگ ماہ‘‘ 2016 میں نشر ہونے والے ڈرامے ’’سنگِ مرمر‘‘ کا سیکوئل ہے جس میں کبریٰ خان، ثانیہ سعید، نعمان اعجاز اور میکال ذوالفقار نے اداکاری کی تھی ، سنگ ماہ‘ کے حوالے سے رواں برس جون میں ڈائریکٹر سیفی حسن نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی سیکوئل پر کام شروع کریں گے اور اگست میں نعمان اعجاز نے تصدیق کی تھی کہ ڈرامے کی شوٹنگ جاری ہے۔ سیفی حسن نے یہ بھی بتایا تھا کہ سنگ مرمر کو ٹرائلوجی کی صورت میں بنایا جائے گا جس کے دوسرے حصے ’سنگ ماہ‘ کے بعد ڈرامے کا تیسرا اور آخری حصہ ’سنگ سیاہ‘ کے نام سے بنایا جائے گا۔سیکوئل میں بھی پہلے ڈرامے کی کاسٹ کو رکھا جائے گا لیکن نئے ڈرامے کی کہانی پہلے سے مختلف ہوگی اور کچھ نئے کردار بھی شامل کیے جائیں گے ۔ ڈرامے میں شامل نئے کرداروں میں ہانیہ عامر، عاطف اسلم اور زاویار اعجاز کے کردار شامل ہیں۔